بلوچستان میں جاری شدید گرمی اور طویل ہیٹ ویو کے بعد تربت اور پسنی میں بالآخر مانسون کی پہلی بارش برس گئی ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ بارش کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی گئی جس نے کئی دنوں سے جھلسا دینے والی گرمی میں مبتلا عوام کو کچھ سکون دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال گرمی کی شدت ریکارڈ سطح تک جا پہنچی تھی۔ 14 جون 2025 کو پسنی میں پارہ 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا جو کہ گزشتہ تین دہائیوں پرانا ریکارڈ بھی توڑ گیا۔ اس سے پہلے 23 جون 1992 کو پسنی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
شدید گرمی اور پانی کی کمی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ روزمرہ معمولات متاثر ہوئے اور لوڈشیڈنگ کے باعث حالات مزید بگڑ گئے۔ ایسے میں مانسون کی بارش نے لوگوں کے چہروں پر خوشی بکھیر دی اور خشک سالی سے جلے ہوئے کھیت کھلیان بھی تر ہوگئے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش سے وقتی طور پر گرمی کی شدت میں کمی تو ضرور آئی ہے مگر ہیٹ ویو کے اثرات مکمل طور پر ختم ہونے میں وقت لگے گا۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ دنوں میں بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بھی مانسون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے جس سے پانی کی کمی کے مسائل کسی حد تک کم ہونے کی امید ہے۔
علاقہ مکینوں نے پہلی بارش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ جاری رہے تاکہ زمین بھی سرسبز ہو اور شہری بھی سکون کا سانس لے سکیں۔













Leave a Reply