اسلام آباد میں نوابزادہ جمال رئیسانی اور وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کی اہم ملاقات

اسلام آباد میں نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی جس میں صوبے کی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ نوابزادہ جمال رئیسانی نے دہشتگردوں کے خلاف حالیہ کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز بہترین انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی بیانیے کو مضبوط کرنے کے لیے سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ صوبے کے عوام کو درست پیغام ملے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کے باعث متاثرہ خاندانوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جن کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنے کے لیے مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔ ان کے مطابق شہداء قوم کا فخر ہیں اور ان کے اہلخانہ کی کفالت حکومت اور عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے نوابزادہ جمال رئیسانی کی تجاویز کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ سیکیورٹی ادارے صوبے میں امن قائم رکھنے کے لیے دن رات سرگرم ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ بیانیے کی جنگ میں بھی کامیابی بلوچستان کے عوام کی ہوگی اور ملک دشمن عناصر کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ محب وطن عوام کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا اور بیرون ملک بیٹھے عناصر کو بھی ناکام بنایا جائے گا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *