کوئٹہ سے کچلاک تک پیپلز ٹرین سروس کے اجرا کی تیاریاں مکمل، حکومت بلوچستان اور پاکستان ریلویز میں اشتراک

کوئٹہ میں ایک اہم اجلاس کے دوران صوبائی حکومت اور پاکستان ریلویز کے مابین سریاب سے کچلاک تک پیپلز ٹرین سروس کے آغاز پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد کوئٹہ اور ملحقہ علاقوں کے عوام کو سستے، محفوظ اور باعزت سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اجلاس کی صدارت وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کی، جس میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور منصوبے کی مختلف تکنیکی و انتظامی پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس ٹرین سروس کے لیے ابتدائی فنی جائزے اور مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے، اور اب منصوبے کے عملی مراحل کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ انجن اور بوگیاں پاکستان ریلویز سے خریدی جائیں گی تاکہ منصوبے کی تکمیل میں قومی اداروں کا تعاون شامل ہو۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس دوران وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے ٹیلی فون پر بات کی، جنہوں نے حکومت بلوچستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مطلوبہ انجن، بوگیاں اور دیگر سہولیات چھ ماہ کے اندر فراہم کر دی جائیں گی۔

وفاقی وزیر ریلوے نے واضح کیا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان ریلویز کی ترجیحات میں شامل ہے، اور دستیاب انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن پر جلد کام شروع کیا جائے گا تاکہ نئی ٹرین سروس کو موثر اور معیاری بنایا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس منصوبے کو ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک نئی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف مقامی لوگوں کو بہتر سفر میسر آئے گا بلکہ روزگار اور کاروبار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ منصوبے کے تمام مراحل کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے اور کسی بھی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں سیکیورٹی، اسٹیشنز، ٹریک، ٹکٹنگ سسٹم، آپریشنل ماڈل اور مالی پہلوؤں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ متعلقہ افسران نے وزیر اعلیٰ کو یقین دلایا کہ وہ اس منصوبے کو وقت پر مکمل کرنے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، پاکستان ریلویز کوئٹہ کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر اعلیٰ افسران شریک تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *