بلوچستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے کے لیے قومی میڈیا کا کردار اہم ہے: وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی

کراچی میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے قیام کو 75 سال مکمل ہونے پر دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان ایک ایسا صوبہ ہے جہاں صحافت مشکل حالات میں اپنا سفر طے کر رہی ہے۔ ایک جانب زمینی حقائق ہیں، تو دوسری طرف میڈیا میں بعض اوقات ایسے منفی تاثر کو جگہ ملتی ہے جو بلوچستان کی حقیقی تصویر سے میل نہیں کھاتا۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ قومی میڈیا بلوچستان کا اصل چہرہ خود دیکھے، سمجھے اور اسے ملک بھر میں اجاگر کرے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں کئی ترقیاتی منصوبے اور عوام دوست سرگرمیاں جاری ہیں، جیسے محترمہ بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام، پیپلز ٹرین سروس اور پیپلز ایئر ایمبولینس، مگر بدقسمتی سے قومی میڈیا میں ان پر وہ توجہ نہیں دی گئی جو دی جانی چاہیے تھی۔ انہوں نے اس صورتحال کی ایک بڑی وجہ میڈیا ہاؤسز کے کمرشل فیصلوں کو قرار دیا، کیونکہ بلوچستان کم آبادی اور محدود اشتہاری وسائل کی وجہ سے اکثر نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف کمرشل بنیادوں پر خبر کا انتخاب ایک افسوسناک پہلو ہے، خاص طور پر ایسے حساس اور پسماندہ علاقے کے لیے جسے مثبت توجہ کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے صحافیوں کو دعوت دی کہ وہ بلوچستان کا دورہ کریں اور وہاں کی زمینی حقیقتوں کو خود اپنی آنکھوں سے دیکھیں۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ خود صحافیوں کے ساتھ بلوچستان کے دور دراز علاقوں کا سفر کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ انہیں حالیہ برسوں میں ہونے والی مثبت تبدیلیوں سے آگاہ کر سکیں، ساتھ ہی انہیں ان چیلنجز کے بارے میں بھی بتا سکیں جن کا سامنا حکومت کر رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی موجودگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت بلوچستان نے صحافیوں کے دیرینہ مطالبے پر میڈیا ہاؤسنگ اسکیم کے لیے زمین فراہم کر دی ہے، اور اب آسان اقساط پر گھروں کی تعمیر کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اگر کسی صحافی کو کوئی نقصان پہنچتا ہے تو وہ خود سب سے پہلے اس کی دلجوئی کے لیے پہنچتے ہیں اور ہمیشہ صحافی برادری کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعلقات قائم رکھنے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تقریب کے انعقاد کے ذریعے ملک بھر سے صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔ ساتھ ہی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کے تعاون کا بھی اعتراف کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت بہت جلد بلوچستان کے مثبت پہلو قومی میڈیا پر نمایاں انداز سے اجاگر کیے جائیں گے۔

آخر میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی قیادت اور ملک بھر کے صحافیوں کو کوئٹہ اور دیگر علاقوں کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی اصل کہانی صرف باشعور صحافیوں کے ذریعے ہی قومی سطح پر پہنچ سکتی ہے، اور امید ظاہر کی کہ 75 سالہ جدوجہد کا یہ سفر بلوچستان کی بہتر تصویر دکھانے کا باعث بنے گا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *