بلوچستان ایک بار پھر دشمن کے بزدلانہ حملے کا نشانہ بنا، جہاں فتنتہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں نے اپنی مذموم کاروائی کے دوران پاک فوج کے بہادر افسر میجر محمد انور کاکڑ کو شہید کر دیا۔ شہید میجر انور کا تعلق بلوچستان کے ضلع پشین سے تھا اور وہ اس وقت بلوچستان میں تعینات تھے۔ انہوں نے ہمیشہ وطن کی حرمت اور سلامتی کو مقدم جانا اور اسی مقصد کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
میجر محمد انور کاکڑ شہید نے اپنی عسکری خدمات کے دوران نہ صرف دہشتگردوں کے خلاف کئی کامیاب آپریشنز کی قیادت کی بلکہ بلوچستان میں جاری ابلاغی جنگ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان کی کوششیں ہمیشہ پاکستان کے امن، سالمیت اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لیے وقف رہیں۔ شہید کے پسماندگان میں والدین، اہلیہ اور تین بیٹے شامل ہیں جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔
انہوں نے اپنی زندگی کے دس سے زائد قیمتی سال پاک فوج میں خدمات سرانجام دیتے ہوئے گزارے۔ میجر انور جیسے سپوت ہماری سرزمین کا فخر ہیں جنہوں نے ہر موقع پر دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا۔ بھارت جو روایتی جنگ میں شکست کا سامنا کر چکا ہے، اب دہشتگرد گروہوں کو مالی و ابلاغی مدد دے کر پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ لیکن یہ بات طے ہے کہ وہ اپنے ناپاک عزائم میں ہمیشہ کی طرح ناکام و نامراد ہی رہے گا۔
قوم میجر محمد انور کاکڑ شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور اُن کے بلند درجات کے لیے دعا گو ہے۔ ان کی قربانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ وطن کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔













Leave a Reply