وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ایران بارڈر سے ملحقہ بلوچستان کے اضلاع کی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایران سے متصل بلوچستان کے اضلاع کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں زائرین، طلبہ کی واپسی اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ویڈیو لنک کے ذریعے مکران، رخشان ڈویژن کے کمشنرز اور سرحدی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس بلوچستان بھی موجود تھے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ فی الحال ایرانی سرحد سے متصل علاقوں میں خوراک کی قلت درپیش نہیں ہے۔ بجلی اور ایل پی جی کی فراہمی کے لیے متبادل ذرائع کی حکمت عملی بھی طے کر لی گئی ہے، جبکہ وفاقی حکومت سے رابطوں کے ذریعے ان وسائل کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ایران سے متصل بلوچستان کے کسی علاقے میں اشیائے خورد و نوش کی کمی نہ ہونے دی جائے اور مقامی آبادی کو ہر صورت بنیادی ضروریات تک رسائی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں پیٹرول کی مسلسل فراہمی کے لیے وفاقی وزارت پیٹرولیم سے رابطے جاری رکھے جائیں۔

مزید برآں، پی ڈی ایم اے کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہنے کی ہدایت دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو تاکید کی کہ وہ حالات پر قریبی نظر رکھیں اور کسی بھی ممکنہ بحران سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے زائرین اور طلبہ کی بحفاظت واپسی کو خوش آئند قرار دیا اور تمام متعلقہ اداروں کی کوششوں کو سراہا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *