وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی محترمہ غزالہ گولہ بھی شریک تھیں۔ اس اہم ملاقات میں آئندہ مالی سال کے بجٹ، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور پارلیمانی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ پیپلزپارٹی کے وفد نے صوبائی حکومت کی جانب سے شروع کی جانے والی “پیپلز ٹرین سروس” پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوامی سہولت کی جانب ایک عملی قدم قرار دیا۔
ملاقات کے دوران گورننس، صحت، امن و امان اور ترقیاتی اہداف پر موجودہ صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر بتایا کہ تاریخ میں پہلی بار بلوچستان میں پی ایس ڈی پی فنڈز کا 90 فیصد سے زائد استعمال ممکن بنایا گیا ہے، جو کہ ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کا مقصد صرف بجٹ سازی نہیں بلکہ عوام کی عملی خدمت ہے، اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ بجٹ تجاویز کی تیاری میں تمام پارلیمانی جماعتوں کی مشاورت کو شامل کیا جا رہا ہے تاکہ ایک جامع اور متفقہ مالی خاکہ تشکیل دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے محض کاغذی وعدے نہیں ہوں گے بلکہ ان پر زمین پر عملی کام ہوتا نظر آئے گا، اور یہی طرز عمل عوام کا اعتماد بحال کرے گا۔ سروس ڈلیوری کو بہتر بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بین الجماعتی ہم آہنگی اور سیاسی اتفاق رائے کا ماحول پیدا کیا جا رہا ہے تاکہ تمام جماعتیں مل کر صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم سب کو مل کر بلوچستان کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنی ہے اور اس کے لیے سیاسی قیادت کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
صدر آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت اور چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی نوجوان قیادت کو سراہتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ زرداری صاحب نے ملک کو سیاسی استحکام کی جانب گامزن کیا جبکہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا روشن چہرہ ہیں، جن کی وژنری قیادت ملک میں ترقی، جمہوریت اور یکجہتی کی علامت بن چکی ہے۔













Leave a Reply