وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کوئٹہ میں ملاقات کی، جس میں صوبے میں ریلوے سروس کی بہتری اور نئے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران خاص طور پر کوئٹہ تا کچلاک شٹل ٹرین سروس کے مجوزہ منصوبے پر غور کیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت سریاب اسٹیشن سے لے کر کچلاک تک 32 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کو دوبارہ قابل استعمال بنانے کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ریلوے حکام کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا، جس میں پانچ ریلوے اسٹیشنز: سریاب، کوئٹہ، شیخ ماندہ، بلیلی اور کچلاک شامل ہوں گے۔ منصوبے کی کل لاگت 283 ملین روپے بتائی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ منصوبہ عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ کوئٹہ شہر میں بڑھتی ہوئی ٹریفک کے دباؤ کو بھی کم کرے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ پاکستان ریلوے کی معاونت سے کوئٹہ میں بین الاقوامی معیار کا فٹ بال گراؤنڈ بھی تعمیر کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں ریلوے سروس کو وسعت دے کر عوام کو جدید اور باوقار سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی اور شٹل سروس منصوبے کو قابل عمل بنانے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف شہریوں کو فائدہ ہوگا بلکہ صوبائی دارالحکومت کی ٹریفک صورتحال میں بھی واضح بہتری آئے گی۔













Leave a Reply