وزیر اعلیٰ بلوچستان جناب میر سرفراز بگٹی نے رات کے وقت اچانک ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا اور سردار فتح محمد خان بزدار انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پہنچ کر مریضوں کی عیادت کی۔ وزیر اعلیٰ کا یہ دورہ غیر روایتی اور عوامی خدمت کے جذبے سے بھرپور تھا۔ ہسپتال میں موجود عملے، ڈاکٹروں اور مریضوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ادارے میں فراہم کی جانے والی سہولیات، جدید مشینری اور عملے کی محنت کو قریب سے دیکھا۔
سرفراز بگٹی نے انسٹیٹیوٹ کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ واقعی جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے ہسپتال میں موجود ایم ایس ڈاکٹر رمضان سمرا اور ان کی قیادت میں کام کرنے والی ٹیم کی دن رات کی محنت اور پیشہ ورانہ جذبے کی تعریف کی، جنہوں نے ادارے کو مثالی بنایا۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت اور ویژن کا ثمر ہے، جنہوں نے اس پسماندہ خطے کے عوام کو وہ طبی سہولیات فراہم کیں جن کا کبھی خواب بھی نہیں دیکھا گیا تھا۔ ان کی خلوص نیت اور خدمت خلق کے جذبے نے جنوبی پنجاب کو جدید طبی سہولیات کی راہ پر گامزن کیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان کا یہ دورہ اس بات کی گواہی تھا کہ عوامی خدمت کا جذبہ سرحدوں سے بالاتر ہوتا ہے اور اچھی کاوشوں کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر سراہا جانا چاہیے۔













Leave a Reply