وزیراعلیٰ بلوچستان کی جامعات میں اصلاحات کے لیے اہم اقدامات

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی کی سربراہی میں صوبے کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز نے ملاقات کی، جس میں تعلیمی اداروں کے مالی اور انتظامی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ جامعات میں اساتذہ کی تنخواہوں میں پائی جانے والی تفریق کو ختم کیا جائے گا اور تمام تعلیمی عملے کی تنخواہوں میں یکسانیت لائی جائے گی تاکہ نظام میں انصاف اور شفافیت کو فروغ دیا جا سکے۔

مزید برآں، غیر ضروری معاون اسٹاف کی بھرتیوں کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور ان بھرتیوں کو ختم کیا جائے گا تاکہ جامعات کا مالی بوجھ کم ہو اور وسائل کا درست استعمال ممکن ہو۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ جامعات میں میرٹ اور شفافیت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ نئے تعلیمی شعبوں کو فروغ دیا جائے تاکہ طلبہ کو عالمی معیار کے مطابق تعلیم و تربیت حاصل ہو۔

انہوں نے کہا کہ جامعات کی آمدنی بڑھانے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں اور محض عمارتیں تعمیر کرنے کی بجائے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے کیونکہ اصل کامیابی مؤثر تدریسی نظام سے حاصل ہوتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کی ہمہ جہت تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جامعات میں غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے تاکہ طلبہ کی شخصیت سازی ہو اور وہ ریاست سے مضبوط تعلق قائم کریں۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ معاشرے کا اہم ستون ہیں اور ان کا کردار نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ نوجوان نسل کی فکری اور اخلاقی رہنمائی میں بھی کلیدی ہے۔ ملاقات میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکریٹری ہائر ایجوکیشن صالح بلوچ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری بابر خان، سیکریٹری خزانہ عمران زرکون اور مختلف جامعات کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *