گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ہمراہ سی ایم ایچ کوئٹہ میں سانحہ خضدار کے زخمیوں کی عیادت کی۔ دونوں رہنماؤں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سانحے میں شہید ہونے والے بچوں کے لواحقین کے لیے دس دس لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے پانچ پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ ہندوستان کے دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر اپنی بزدلی کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ امن پسند اور محب وطن ہیں اور کسی صورت دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے۔ انہوں نے شہداء کے مقدس خون کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی قربانیوں پر فخر کرتے ہیں اور ان کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمارا ملک اس وقت اندرونی اور بیرونی دہشتگردی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہماری افواج نے بیرونی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، ویسے ہی اندرونی دشمنوں کو بھی ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ گورنر کے پی کے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پورا ملک ان مشکل لمحات میں بلوچستان کے ساتھ کھڑا ہے اور امن کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔













Leave a Reply