پاکستان کی فتح پر جشنِ فتح جلسے سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا پرجوش خطاب

کوئٹہ میں پاکستان کی حالیہ فتح کے موقع پر منعقدہ “جشنِ فتح” جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے افواجِ پاکستان کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایک بار پھر دشمن کا غرور توڑ کر افواج نے تاریخ رقم کی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مودی سرکار کو یہ غلط فہمی تھی کہ پاکستان کمزور ہے، لیکن ہماری بہادر افواج نے ثابت کر دیا کہ یہ سوچ محض ایک خام خیالی ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کو پاکستان کا ہر اول دستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام نے ہمیشہ ریاست کی آواز بلند کی ہے اور ہر محاذ پر اپنی قربانیوں سے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ وطن کے محافظ ہیں۔ اُنہوں نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔

انہوں نے دشمن قوتوں کی سازشوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ قوم کو لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلنے والے ناکام ہوں گے، کیونکہ یہ جنگ دراصل ذاتی مفادات کی جنگ ہے، جس کا بلوچ عوام سے کوئی تعلق نہیں۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ بلوچ روایت کسی بھی معصوم کی جان لینے کی اجازت نہیں دیتی اور جو لوگ ایسا کر رہے ہیں وہ درحقیقت دشمن کی پراکسی ہیں۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ 9 اور 10 مئی جیسے ایام نے ہمیں سکھایا ہے کہ جب ریاست بھرپور طریقے سے جواب دیتی ہے تو دشمن کا نام و نشان مٹ جاتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جو لوگ آئین پاکستان کو تسلیم کرتے ہوئے قومی دھارے میں شامل ہونا چاہیں، ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے کیونکہ ریاست سب کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے۔

سریاب روڈ پر قافلے پر ہونے والے حملے کو بزدلانہ اقدام قرار دیتے ہوئے اُنہوں نے اعلان کیا کہ شہید کے اہلِ خانہ کی مکمل کفالت کی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ دلیر، غیرت مند اور پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ جلسے کے اختتام پر حاضرین نے فلک شگاف نعروں سے افواجِ پاکستان اور ریاست سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *