وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال جمعہ کے روز کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اجلاس کے دوران کچھی کینال سمیت دیگر اہم منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان میں ترقیاتی عمل کو شفاف، پائیدار اور تیز رفتار بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان قریبی رابطہ ناگزیر ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزراء بخت محمد کاکڑ، عاصم کرد گیلو اور پارلیمانی سیکرٹری میر زرین خان مگسی بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور عوامی فلاح کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کچھی کینال منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے نہ صرف زرعی ترقی کا ذریعہ ہیں بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی پیدا کر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر کے تعاون اور دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی عمل میں وفاقی شراکت قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جاری منصوبے عوامی فلاح و بہبود کی سمت میں عملی قدم ہیں جن سے نہ صرف صوبے کی معیشت کو تقویت مل رہی ہے بلکہ معاشی سرگرمیوں میں بھی تیزی آ رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ موثر منصوبہ بندی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور اچھی حکمرانی کے ذریعے بلوچستان کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کی مشترکہ کاوشوں سے ہی صوبے کے دیرینہ مسائل کا پائیدار حل ممکن ہے، اور ہم اس سمت میں سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔













Leave a Reply