حکومت نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے ایکسپورٹ پالیسی آرڈر 2022 کے شیڈول-1 میں ترمیم کی ہے، جس کے تحت گوادر فری زون میں تیار ہونے والے پوٹاشیم سلفیٹ (K₂SO₄) کی بیرون ملک برآمد کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے تحت، جو کمپنیاں گوادر فری زون میں پوٹاشیم سلفیٹ کھاد تیار کر رہی ہیں، انہیں اپنی سالانہ پیداوار کے 50 فیصد یا زیادہ سے زیادہ 10,000 ٹن (جو بھی کم ہو) برآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔
یہ اجازت ایک سال کے لیے ہوگی اور 31 دسمبر 2025 تک نافذ العمل رہے گی۔ برآمدات کو دو مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے، جس کے مطابق 30 جون 2025 تک زیادہ سے زیادہ 5,000 ٹن اور بقیہ 5,000 ٹن 31 دسمبر 2025 تک برآمد کیے جا سکیں گے۔ اگر پہلے مرحلے میں مقررہ مقدار سے کم برآمد ہوتی ہے تو باقی ماندہ مقدار دوسرے مرحلے میں شامل کی جا سکے گی۔
مزید برآں، وزارت صنعت و پیداوار اور فرٹیلائزر ریویو کمیٹی (FRC) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گوادر فری زون میں کام کرنے والے مینوفیکچررز سے ماہانہ بنیاد پر پیداوار اور برآمدات کے اعداد و شمار حاصل کریں اور سالانہ جائزہ لیں۔ وزارت صنعت و پیداوار اس فیصلے کا باضابطہ اعلان کرے گی اور اسے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) سمیت متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو آگاہ کرے گی۔ اس کے ساتھ ہی، ایف بی آر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے سسٹم کو اس فیصلے کے مطابق اپ ڈیٹ کرے تاکہ گوادر پورٹ سے پوٹاشیم سلفیٹ کی برآمدات آسانی سے ممکن ہو سکے۔
یہ اقدام ملک میں صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ کی پالیسی کا حصہ ہے، جس کا مقصد گوادر فری زون میں قائم صنعتوں کو عالمی منڈی تک رسائی فراہم کرنا اور معیشت کو مستحکم کرنا ہے۔













Leave a Reply