کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر گڈالر اور پیرو کنری کے درمیان شدید فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند کے مطابق واقعے کے بعد سبی ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں۔
پہاڑی اور دشوار گزار علاقہ ہونے کے باعث ریسکیو ٹیموں کو جائے وقوعہ تک پہنچنے میں مشکلات درپیش ہیں، تاہم محکمہ ریلوے کی جانب سے امدادی ٹرین روانہ کر دی گئی ہے تاکہ متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ سیکورٹی فورسز بھی علاقے کی جانب روانہ ہو چکی ہیں اور واقعے کی نوعیت کا جائزہ لے رہی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ ممکنہ طور پر دہشت گردی کا شاخسانہ ہو سکتا ہے، تاہم تحقیقات جاری ہیں اور حقائق سامنے آنے کے بعد ہی کوئی حتمی نتیجہ اخذ کیا جا سکے گا۔ حکومت بلوچستان نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے اور اس حوالے سے تمام محکمے متحرک کر دیے گئے ہیں۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن رہیں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔ واقعے کی تمام پہلوؤں سے چھان بین کی جا رہی ہے اور حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ صورت حال پر قابو پایا جا سکے۔













Leave a Reply