صدر مملکت کے خطاب میں قومی مسائل اور ترقی کا عزم نمایاں، وزیر اعلیٰ بلوچستان

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کو قوم کی امنگوں کا آئینہ دار قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق صدر مملکت نے اجلاس میں قومی مسائل کا بخوبی احاطہ کیا اور گورننس، تعلیم، صحت سمیت عوام کو درپیش چیلنجز پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صدر مملکت کا خطاب پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے، جس میں ترقی، استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کے واضح خدوخال نظر آتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے اہم موقع پر پی ٹی آئی اراکین کا رویہ حسب معمول غیر سنجیدہ رہا اور انہوں نے اپنی غیر جمہوری اور غیر شائستہ روش برقرار رکھی۔

میر سرفراز بگٹی کے مطابق قومی امور پر مشتمل ایک اہم خطاب پر غور کرنے کے بجائے پی ٹی آئی اراکین شخصیت پرستی کی بیماری میں مبتلا رہے، جو پارلیمانی روایات کے منافی ہے۔ تاہم، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ غیر جمہوری رویوں سے ملک کی ترقی کا سفر نہیں رکے گا اور حکومت اپنی عوامی خدمت کا مشن جاری رکھے گی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ملک کے اعلیٰ ترین آئینی منصب پر فائز صدر مملکت آصف علی زرداری کی سیاسی فہم و فراست کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ ان کی قیادت میں پاکستان ایک مستحکم معاشی اور فلاحی ریاست کے طور پر ابھر رہا ہے، جو عالمی سطح پر اپنی شناخت مضبوط کر رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *