بلاول بھٹو زرداری سے وزرائے اعلیٰ سندھ و بلوچستان کی ملاقات، عوامی فلاح و بہبود پر تبادلہ خیال

چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی، جس میں دونوں صوبوں کی مجموعی صورتحال، حکومتی کارکردگی اور عوامی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کو بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی اور امن و امان کے قیام کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور پیپلز پارٹی کے وژن کے مطابق صحت و تعلیم کی بہتری کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تعلیمی ترقی کے لیے جاری اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام کے تحت بلوچستان کے طالب علموں کو آکسفورڈ سمیت دنیا کی نامور جامعات میں بھیجا جا رہا ہے، جبکہ ہر ضلع سے میٹرک کے پوزیشن ہولڈرز کو بھی اسکالرشپ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کو کئی دہائیوں کے مسائل ورثے میں ملے ہیں، جنہیں حل کرنے کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ کام کیا جا رہا ہے۔ رمضان المبارک کے مہینے میں مستحق افراد کے لیے رمضان فوڈ پیکج شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے کے تمام اضلاع میں غریب عوام کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔

چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان حکومت کے تعلیمی اصلاحات کے اقدامات کو سراہا اور انہیں پائیدار ترقی کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بلوچستان کے وفاق سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے بات چیت کی جائے گی اور عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے دونوں وزرائے اعلیٰ کو ہدایت کی کہ سندھ اور بلوچستان کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں اور عوامی خدمت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے اور تمام حکومتی اقدامات کو اسی تناظر میں آگے بڑھایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *