وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو ڈی جی ایف آئی اے کی بریفنگ، سائبر کرائم ونگ کی فعالیت پر زور

کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے علی جان نے ملاقات کی اور وزیر اعظم کی ہدایت پر بلوچستان میں ایف آئی اے کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ صوبے میں سائبر کرائم ونگ کو مزید فعال بنایا جائے اور اسمگلنگ و غیر قانونی ترسیلات زر کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ بلوچستان میں ایف آئی اے کی افرادی قوت کی کمی کو ڈیپوٹیشن کے ذریعے بلوچستان پولیس سے پورا کیا جائے گا۔ اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے ڈی جی ایف آئی اے کو یقین دہانی کرائی کہ ایف آئی اے میں مستقل بھرتیوں کی منظوری کے عمل تک بلوچستان پولیس سے تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کی جائے گی تاکہ سائبر کرائم ونگ کو مؤثر طور پر فعال کیا جا سکے۔

ڈی جی ایف آئی اے نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا اور ادارے کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے میں جرائم، خاص طور پر سائبر کرائم کے تدارک کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں تاکہ نہ صرف جرائم کی روک تھام ہو بلکہ متاثرین کو فوری اور مؤثر انصاف بھی فراہم کیا جا سکے۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند، ایڈیشنل سیکرٹری چیف منسٹر سیکرٹریٹ محمد فریدون سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *