آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کے متاثرین کو انصاف مل گیا، وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر پلاٹس کی حوالگی مکمل

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر برسوں سے انصاف کے منتظر آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کے متاثرین کو بالآخر ان کے پلاٹس حوالے کر دیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد کے مطابق آٹھ ماہ کے دوران 47 اجلاسوں کے بعد اس اسکیم کے تنازعے کو حل کر لیا گیا، اور ہفتہ 22 فروری 2025 کو ایک باضابطہ تقریب میں 250 سے زائد متاثرہ افراد کو ان کے متبادل پلاٹس فراہم کر دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق 2017 میں آشیانہ بلڈرز نے قسطوں پر سستی رہائش فراہم کرنے کے نام پر کوئٹہ میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم متعارف کرائی تھی، جس میں سیکڑوں شہریوں نے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی لگا دی۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ یہ منصوبہ ایک بڑے فراڈ کے طور پر سامنے آیا، اور متاثرہ خریداروں کو نہ تو پلاٹس دیے گئے اور نہ ہی ان کی رقم واپس کی گئی۔ متاثرین کی مسلسل جدوجہد اور قانونی جنگ کے باوجود کوئی پیش رفت نہیں ہو رہی تھی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس معاملے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو ہدایت دی کہ وہ فوری اقدامات کرکے متاثرین کو ان کا حق دلائیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی اور اس کی سربراہی اسسٹنٹ کمشنر صدر کو سونپ دی۔ ٹیم نے معاملے کی جامع تحقیقات کیں اور بلڈرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا عندیہ دیا، جس کے نتیجے میں بلڈرز نے متاثرین کو متبادل زمین فراہم کرنے کی حامی بھر لی۔

حکومت بلوچستان کی مؤثر کارروائی کے بعد ہفتہ 22 فروری کو ایک باضابطہ تقریب میں 250 سے زائد متاثرہ افراد کو ان کے قانونی حق کے مطابق متبادل پلاٹس دے دیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے مطابق پلاٹس کی باقی ماندہ اقساط کی ادائیگی کے بعد محکمہ ریونیو اس اراضی کی ٹرانسفر اور دیگر قانونی امور نمٹائے گا۔ اس فیصلے کے بعد متاثرین نے حکومت بلوچستان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی عوامی مسائل کو اسی طرح ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *