وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قلات میں لیویز چوکی پر حملے کی شدید مذمت

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات میں لیویز چوکی پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید لیویز اہلکار علی نواز کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ علی نواز نے اپنے فرائض کی انجام دہی میں جان نچھاور کر کے بہادری اور فرض شناسی کی ایک لازوال مثال قائم کی۔ حکومت بلوچستان شہید کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے زخمی لیویز اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے لیویز فورس کے جرات مندانہ اقدام اور فوری ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی سیکیورٹی فورسز عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہیں، اور ان کی بہادری کبھی رائیگاں نہیں جائے گی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشتگرد عناصر بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں، مگر ریاست ان کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھے گی۔ حکومت بلوچستان لیویز فورس کو مزید مضبوط اور جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان کے عوام کے تحفظ اور امن و امان کی بحالی کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے دشمنوں کو کسی بھی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *