وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) پر عمل درآمد اور ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں انہوں نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بعض شعبوں میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے گرین اور پنک بسوں کو جلد از جلد سڑکوں پر لانے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو بہتر اور معیاری سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جدید ٹرانسپورٹ نظام شہریوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے ناگزیر ہے اور حکومت عوامی سہولتوں کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔
اجلاس کے دوران محکمہ مذہبی امور کے ترقیاتی منصوبوں میں سست روی پر وزیر اعلیٰ نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے لیے مختص ترقیاتی فنڈز کے اجراء میں تاخیر پر تشویش ظاہر کی اور اس معاملے پر وزیر اعظم پاکستان کو فوری خط لکھنے کا فیصلہ کیا تاکہ بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کے بروقت اجراء کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی منصوبوں کے فنڈز کے اجراء کی تفصیلات فراہم کریں اور کچھی کینال سمیت دیگر اہم منصوبوں کی تکمیل میں درپیش مالی رکاوٹوں کے حل کے لیے جامع رپورٹ تیار کی جائے۔ اجلاس میں وزیر ترقیات و منصوبہ بندی میر ظہور احمد بلیدی، وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی، وزیر انڈسٹریز سردار کوہیار خان ڈومکی، وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے تمام ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے اختتام تک 90 فیصد منصوبے مکمل کر لیے جائیں۔ انہوں نے محکمہ خزانہ کو منظور شدہ منصوبوں کے لیے بلا تاخیر فنڈز جاری کرنے کی ہدایت کی اور مالیاتی قوانین میں بہتری کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ فنڈز کے اجراء میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نصیر آباد میں گمبٹ کی طرز پر منظور شدہ اسپتال کی جلد تعمیر کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کے منصوبوں پر پیش رفت نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو ہدایت دی کہ ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے پریس کلب تربت اور پریس کلب جعفر آباد کے لیے مختص ترقیاتی فنڈز کے فوری اجراء اور ان منصوبوں کو جون تک مکمل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈی پی کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کر کے پائیدار ترقیاتی منصوبے یقینی بنائے جائیں گے اور حکومت عوام کے مفاد میں ٹھوس اقدامات اٹھانے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومتوں کے بدلنے سے عوامی مفاد میں کیے گئے اقدامات ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے کیونکہ عوام کی خدمت ہی حکومت کی اصل کامیابی ہے۔













Leave a Reply