وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا نوکنڈی کا دورہ اور اہم اعلانات

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی ایک روزہ دورے پر نوکنڈی پہنچے، جہاں انہوں نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان کے عوام کو ریاست کے ساتھ کھڑا ہونے پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سب سے مقدم ہے اور لاحاصل جنگوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ بیروزگاری کے خاتمے کے لیے انہوں نے ہنر مندی پر زور دیا اور کہا کہ گڈ گورننس حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس کے تحت کوئی سرکاری ملازمت فروخت نہیں ہوگی اور نوجوانوں کو میرٹ پر نوکریاں ان کے گھروں کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھ رہی ہے، اور ریکوڈک منصوبے میں چاغی کے عوام کا پہلا حق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تفتان میں قائم ایل پی جی پلانٹ کا ریونیو مقامی عوام کی بہبود پر خرچ ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے نوجوانوں کو تعلیم اور قانونی تجارت کو اپنانے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ بارڈر ایریاز کے نوجوانوں کو تیل اسمگل کرنے کے بجائے قانونی تجارت کی طرف آنا ہوگا، کیونکہ پاکستان ہی ہمارا مستقبل ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ چاغی ڈسٹرکٹ کونسل کے لیے 15 کروڑ روپے کی گرانٹ دی جائے گی اور سول اسپتال کے لیے ادویات کے بجٹ کو دو کروڑ روپے تک بڑھایا جائے گا۔ مزید برآں، وزیر اعلیٰ نے چاغی میں دانش پبلک اسکول کے قیام کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک کی صورت میں چاغی بلوچستان سے ہی پاکستان کی ترقی کا سفر شروع ہونے والا ہے۔ یہ اعلانات اور اقدامات بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی کی جانب اہم قدم ہیں۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *