ریکوڈک مائننگ منصوبہ: بلوچستان کی ترقی کا سنگ میل

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ریکوڈک مائننگ کمپنی کے عوامی فلاحی منصوبوں اور سائٹ آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بیرک گولڈ کارپوریشن کے سربراہ مارک بریسٹو کے ہمراہ نوکنڈی میں شجرکاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے پودے لگائے۔ مارک بریسٹو نے وزیر اعلیٰ کو منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ کمپنی نے ریونیو کمانے سے قبل ہی تعلیم، صحت، نوجوانوں کی فنی تربیت اور مقامی لوگوں کی بہبود کے لیے مختلف منصوبے شروع کر دیے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سماجی بہبود کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے بیرک گولڈ کو دیگر سرمایہ کار کمپنیوں سے ممتاز کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریکوڈک مائننگ سے عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے اور حکومت پاکستان و بلوچستان اس منصوبے میں مساوی شراکت دار ہیں۔ ریکوڈک میں ہونے والی مائننگ کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے اور اس منصوبے سے حاصل ہونے والے ریونیو کو مقامی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریکوڈک کے عوام کا پہلا حق چاغی کے لوگوں کا ہے، اور کمپنی کی جانب سے خواتین کی حوصلہ افزائی قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔ ریکوڈک کے عوام کو تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے جاری ہیں اور مقامی لوگوں کی بہبود کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

بیرک گولڈ کارپوریشن کے سربراہ مارک بریسٹو نے کہا کہ ریکوڈک مائننگ کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک کثیرالجہتی منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مائننگ کو بہتر خطوط پر استوار کر کے آئندہ نسلوں کے لیے فائدہ مند بنایا جا سکتا ہے اور چاغی کے عوام ان منصوبوں سے بھرپور استفادہ کر رہے ہیں۔ ریکوڈک کا یہ منصوبہ بلوچستان کی ترقی اور عوامی خوشحالی کا سنگ میل ثابت ہوگا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *