وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی خواہش پر یتیم بچوں کی امتحانی فیس معاف کرنے کا اہم فیصلہ

کوئٹہ: بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی خواہش کے مطابق یتیم بچوں کی امتحانی فیس معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق 18 اور 19 نومبر کو ہونے والے انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیٹی کے 180ویں اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کے مطابق کیا گیا ہے۔

فیس معافی کی پالیسی کا اطلاق 2025 کے دوسرے سالانہ امتحان کے بعد سے ہوگا۔ تاہم، یہ پالیسی فنانس کمیٹی اور بورڈ کی ایگزیکٹیو باڈی کی منظوری سے مشروط ہوگی۔ اعلامیہ کے مطابق، یتیم بچوں سے مراد وہ طلباء ہیں جن کے والد کا انتقال ہو چکا ہو۔ اس حوالے سے طالب علم کو نادرا کی جانب سے تصدیق شدہ والد کی موت کا سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوگا۔

یہ فیس معافی صرف ریگولر طلباء پر لاگو ہوگی اور ضمنی امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباء اس سہولت کے اہل نہیں ہوں گے۔ مزید یہ کہ یہ رعایت صرف باقاعدہ فیس کے لیے دستیاب ہوگی۔ جو طلباء اپنے امتحانی فارم دیر سے جمع کراتے ہیں، انہیں پوری فیس ادا کرنا ہوگی۔ اضافی مضامین یا بہتری کے امتحانات کے لیے بھی یہ سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔

بلوچستان بورڈ کے اس اقدام کا مقصد یتیم بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور ان کی مشکلات کو کم کرنا ہے، تاکہ وہ معاشی مسائل سے بے فکر ہو کر اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *