پولو گراؤنڈ کوئٹہ میں یومِ آزادی اور معرکہ حق کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر بلوچستان کانسٹیبلری اور پاک آرمی کے درمیان دلچسپ پولو میچ کا اہتمام کیا گیا، جبکہ دیگر گھڑسواری کے مقابلے بھی شائقین کی توجہ کا مرکز بنے۔
تقریب میں سینیٹر منظور کاکڑ، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو انعامات سے نوازا، جبکہ دیگر گھڑسواری مقابلوں کے شرکاء کو بھی خصوصی انعامات دیے گئے۔
وزیراعلیٰ نے شاندار انتظامات پر منتظمین کو مبارکباد دی اور کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ کھیل انسان میں برداشت، نظم و ضبط اور اجتماعی سوچ پیدا کرتے ہیں، اسی لیے حکومت کی کوشش ہے کہ ہر ضلع میں کھیلوں کی مناسب سہولیات فراہم کی جائیں۔
میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ نوجوانوں کو منفی رجحانات سے بچانے کے لیے کھیلوں کا فروغ وقت کی ضرورت ہے، اور حکومت اس سمت میں سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔













Leave a Reply