گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل معین الرحمٰن خان نے منگل کے روز مختلف ترقیاتی، تعمیراتی اور ماحولیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے جی ڈی اے سنٹرل پارک میں تعمیر کیے گئے 10 لاکھ گیلن پانی کی گنجائش والے واٹر اسٹوریج ٹینک کے جدید پمپنگ سسٹم کا افتتاح کیا، جس کے بعد متعدد علاقوں میں پانی کی باقاعدہ فراہمی ممکن ہو گئی ہے۔
اس موقع پر متعلقہ افسران، جن میں چیف انجینئر، پروجیکٹ ڈائریکٹر واٹر، ڈائریکٹر ماحولیات، اور دیگر شامل تھے، ڈی جی کے ہمراہ موجود رہے۔ معائنہ کے دوران ایئرپورٹ واٹر اسٹیشن، شہر کے وسط میں موجود 20 لاکھ گیلن کے ٹینک، جدید سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ، سنٹرل اور بیچ ماڈل پارک، ورکشاپ، سروس اسٹیشن اور شاہین چوک جیسے مقامات بھی شامل تھے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ روزانہ تقریباً 30 لاکھ گیلن پانی سوڈ ڈیم سے ایئرپورٹ واٹر اسٹیشن تک پہنچایا جا رہا ہے، جسے محکمہ پبلک ہیلتھ شہری علاقوں میں تقسیم کر رہا ہے۔ نئے پمپنگ اسٹیشن سے فقیر کالونی، شمالی و جنوبی ڈھور گٹی، جی ڈی اے کالونی، کلانچی پاڑا، شمبے اسماعیل وارڈ اور نیا آباد جیسے علاقوں میں پانی کی مستقل فراہمی ممکن بنائی گئی ہے۔
ڈی جی نے پارکس کے سرسبز ماحول، درختوں اور سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور مزید بہتری کی ہدایات جاری کیں۔ بچوں کے لیے جھولے بڑھانے، روشنی کے نظام کو بہتر بنانے اور پارکوں کو مزید دلکش بنانے پر زور دیا گیا۔
انہوں نے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ، ورکشاپ اور سروس اسٹیشن پر جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت دی کہ کاموں کو معیاری اور بروقت مکمل کیا جائے۔
معین الرحمٰن خان نے کہا کہ جی ڈی اے کے منصوبے عوامی ضرورت کے مطابق ہیں اور شہری روزانہ ان سے مستفید ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبوں میں شفافیت، دیانت داری اور معیار کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا، تاکہ عوام کو ان کا حقیقی فائدہ جلد از جلد میسر آ سکے۔ وفاقی و صوبائی حکومت کے تعاون سے فنڈز کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے ترقیاتی سرگرمیوں میں مزید بہتری لائی جائے گی۔













Leave a Reply