وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ میں صفائی کی مجموعی صورتحال پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں مشیر بلدیات نوابزادہ بابا امیر حمزہ زہری، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صفا کوئٹہ اور کوئٹہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر میں صفائی کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان اور مشیر بلدیات نے کوئٹہ میں صفائی کی موجودہ صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس اہم مسئلے پر کسی قسم کی غفلت قابلِ قبول نہیں ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی کے نظام میں فوری، مؤثر اور پائیدار بہتری لانے کے لیے ذمہ دار ادارے عملی اقدامات کریں۔
عوامی رائے اور صفائی کی کارکردگی جانچنے کے لیے غیر جانبدار سروے کرانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ زمینی حقائق کی بنیاد پر اصلاحات کی جا سکیں۔ وزیراعلیٰ نے شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے تیز رفتار اور مؤثر شکایتی نظام قائم کرنے کا بھی حکم دیا۔
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ مقررہ مقامات اور ڈسٹ بین کے بجائے کھلے عام کچرا پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے کوئٹہ سیف سٹی کے کیمروں کی مدد سے عوامی مقامات پر نگرانی کو مؤثر بنایا جائے گا تاکہ قوانین پر عملدرآمد یقینی ہو سکے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ صاف، صحت مند اور منظم کوئٹہ حکومت کے عزم کا حصہ ہے اور شہر کی صفائی میں بہتری کے لیے اداروں کے ساتھ ساتھ عوامی تعاون بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کوئٹہ کو ایک مثالی اور صاف دارالحکومت بنانے کے لیے مربوط اور ٹھوس اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
کوئٹہ میں صفائی کے نظام کی بہتری کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان کے سخت فیصلے













Leave a Reply