کوئٹہ میں خواتین کی بااختیاری کے لیے حکومتی اقدامات قابلِ تحسین

کوئٹہ، 17 دسمبر 2025
ٹُوڈیز وومن آرگنائزیشن (TWO) نے حکومتِ بلوچستان کی جانب سے خواتین کی بااختیاری کے لیے کیے گئے مختلف عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ میں پنک بس سروس کا آغاز ایک اہم اور مثبت پیش رفت ہے۔ یہ سروس خواتین کو محفوظ، باوقار اور قابلِ اعتماد سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے شروع کی گئی ہے، جو تعلیم، روزگار اور سماجی سرگرمیوں میں خواتین کی بھرپور شرکت کو ممکن بنائے گی۔

ٹُوڈیز وومن آرگنائزیشن کے چیف ایگزیکٹو گل حسن درانی نے کوئٹہ میں جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں شروع کیا گیا یہ منصوبہ خواتین کی ترقی اور خودمختاری کے حکومتی عزم کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی نقل و حرکت اور تحفظ کو ترجیح دینا نہ صرف صنفی مساوات کے فروغ میں مددگار ہے بلکہ سماجی و معاشی ترقی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے خواتین کے لیے معاشی بااختیاری انڈومنٹ فنڈ، جس کے تحت بغیر سود قرضے اور کاروباری معاونت فراہم کی جا رہی ہے، پنک اسکوٹی اسکیم جس سے طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین مستفید ہو رہی ہیں، اور تعلیمی وظائف و پروگرامز ایسے اقدامات ہیں جو خواتین کے روشن مستقبل کی بنیاد بن رہے ہیں۔ اسی طرح خواتین کی قیادت کو فروغ دینے کے لیے انتظامی اور فیصلہ سازی کے عمل میں ان کی شمولیت بھی ایک خوش آئند قدم ہے۔

گل حسن درانی نے معذور افراد کے لیے شروع کیے گئے “کمک پروگرام” کو بھی ایک قابلِ تقلید اقدام قرار دیا، جو نہ صرف ان کی معاشی و تعلیمی ضروریات پوری کرنے میں مدد دے رہا ہے بلکہ انہیں معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب بھی دے رہا ہے۔ انہوں نے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے تحت شروع ہونے والے رائز پروگرام کو نوجوانوں کے لیے ایک جدید اور مؤثر منصوبہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اسمبلی سے منظور ہونے والا چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2025 بھی موجودہ حکومت کی ایک نمایاں قانون سازی ہے۔

ٹُوڈیز وومن آرگنائزیشن کے سی ای او نے وزیر خواتین ترقی ڈاکٹر ربابہ بلیدی، محکمہ سوشل ویلفیئر کے وزیر حاجی ولی خان نورزئی، سیکریٹری خواتین ترقی اور سیکریٹری سوشل ویلفیئر اسمت اللہ قریشی کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں ان تمام محکموں نے خواتین اور سماجی بہبود کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ٹُوڈیز وومن آرگنائزیشن حکومت اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر خواتین کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور ایک منصفانہ، مساوی اور ترقی یافتہ معاشرے کے قیام کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *