کوئٹہ میں بڑی کارروائی، کالعدم نیٹ ورک کا اہم کارندہ گرفتار

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوئٹہ میں کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ایک اہم کارندے کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار شخص کی شناخت میر خان لہڑی کے نام سے ہوئی ہے جو کہ کالعدم نیٹ ورک کے سرگرم رکن اور بیوٹمز کے سابق لیکچرار ڈاکٹر عثمان قاضی کا قریبی ساتھی بتایا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق میر خان لہڑی نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی تھی اور بعد ازاں بلوچستان میں پراسیکیوٹر انسپکٹر کے عہدے پر تعینات ہوا۔ سرکاری عہدے پر فائز ہونے کے باوجود یہ شخص ریاست کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث رہا اور اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تخریبی کارروائیوں کو آگے بڑھاتا رہا۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم درجنوں وارداتوں اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں براہِ راست ملوث رہا ہے۔ سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ اس گرفتاری کے بعد مزید انکشافات بھی متوقع ہیں۔

یہ واقعہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ریاست دشمن عناصر صرف پہاڑوں یا پسماندہ علاقوں تک محدود نہیں رہے بلکہ یہ فتنہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور بظاہر سفید پوش طبقے تک پھیل چکا ہے۔ ایسے عناصر ذہنی طور پر برین واش ہو کر ریاست کے خلاف سرگرم عمل ہیں۔

تاہم تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ دشمن کے ہر فتنے کو کچلا ہے اور آئندہ بھی ایسے عناصر کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ سیکیورٹی فورسز کی یہ کامیابی ریاست کے عزم اور طاقت کا واضح ثبوت ہے کہ وطن کے خلاف اٹھنے والے ہر ہاتھ کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *