ڈیرہ بگٹی میں بابا جمہوریت میر غلام قادر بگٹی کی نویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

ڈیرہ بگٹی میں بابا جمہوریت کے نام سے یاد کیے جانے والے میر غلام قادر بگٹی کی نویں برسی شایانِ شان طریقے سے منائی گئی، جس میں عوام، قبائلی عمائدین اور معزز شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء نے کہا کہ مرحوم کی زندگی جرات، خودداری اور عوامی خدمت کی اعلیٰ مثال تھی۔ وہ ہر طرح کے ذاتی مفاد اور قبائلی تعصب سے بالاتر ہو کر جمہوریت، عوامی اختیار اور انصاف کے لیے سرگرم رہے۔

مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میر غلام قادر بگٹی نے نہ صرف فرسودہ روایات کو چیلنج کیا بلکہ ڈیرہ بگٹی میں جمہوریت کی بنیاد رکھنے میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے عسکریت پسندی کے خلاف کھڑے ہو کر پاکستان کا پرچم بلند کیا اور امن و استحکام کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں وقف کر دیں۔ ان کی جدوجہد کے نتیجے میں بگٹی اور مزاری قبائل کے درمیان دہائیوں سے جاری خونریز تصادم کا خاتمہ ہوا اور علاقے میں ہزاروں خاندانوں کے لیے روزگار اور نوجوانوں کے لیے تعلیم کے مواقع پیدا ہوئے۔

تقریب کے شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ میر غلام قادر بگٹی کے مشن کو آج ان کے فرزند اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی آگے بڑھا رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں ڈیرہ بگٹی میں تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جو علاقے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ مقررین نے کہا کہ میر غلام قادر بگٹی کی قربانیاں اور ان کی جمہوری سوچ آج بھی مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہیں اور قومی وحدت کے لیے ان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *