چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے اربن فاریسٹ پارک کا افتتاح کیا

چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے اربن فاریسٹ پارک کا افتتاح کرتے ہوئے درخت لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور ہر شہری کا قومی و اخلاقی فرض ہے کہ وہ کم از کم ایک پودا ضرور لگائے اور اس کی دیکھ بھال بھی کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگانا اور جنگلات کے رقبے میں اضافہ آج کے وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے کیونکہ اس سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

چیف سیکرٹری نے بتایا کہ اس منصوبے کا مقصد کوئٹہ کے موسمی حالات کو بہتر بنانا، بلند درجہ حرارت کو کم کرنا اور فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنا ہے۔ ان کے مطابق اربن فاریسٹ پارک جیسے منصوبے شہری ماحولیاتی بہتری کے لیے قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ قدرتی خوبصورتی، ماحولیاتی توازن اور شہریوں کے لیے صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ماحول سے کاربن کانٹینٹ کم کرنا فضائی معیار بہتر بنانے کے لیے ناگزیر ہے اور اس مقصد کے لیے اوپن اسپیس پروگرام اور غیر فعال جگہوں کو کارآمد بنانے پر بھی کام جاری ہے۔ شکیل قادر خان نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مزید پارک قائم کرنے کے اقدامات ہو رہے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ان کے مطابق ایسے منصوبے نہ صرف ماحول کے تحفظ بلکہ عوامی خوشحالی کے لیے بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *