بلوچستان میں صوبائی انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر (پفٹیک) کا افتتاح وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے محکمہ داخلہ میں کیا۔ یہ جدید نظام وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان مربوط رابطہ، بروقت معلومات کے تبادلے اور خطرات کی مؤثر نشاندہی کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
پفٹیک کے قیام سے پولیس، لیویز فورس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ، ایف آئی اے، فرنٹیئر کور، خفیہ ادارے، کسٹمز اور دیگر متعلقہ محکمے ایک ہی پلیٹ فارم پر حقیقی وقت میں معلومات کا تبادلہ کر سکیں گے۔ یہ مرکز اسلام آباد میں موجود نیشنل انٹیلی جنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمنٹ سینٹر (نِفٹیک) سے ڈیجیٹل طور پر منسلک ہے، جس کے ذریعے صوبائی اور وفاقی سطح پر دو طرفہ رابطہ ممکن بنایا گیا ہے۔
اس جدید نظام کے ذریعے بلوچستان کے تمام اضلاع میں دہشت گردی، منظم جرائم، فرقہ وارانہ خطرات اور اہم تنصیبات کو درپیش خدشات کے بارے میں بروقت الرٹس موصول ہوں گے، جس سے سکیورٹی اداروں کو مؤثر اور فوری ردعمل کی سہولت حاصل ہوگی۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے افتتاح کے موقع پر کہا کہ پفٹیک صوبے کی سکیورٹی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا اور ایسے خطرات کی بروقت شناخت ممکن بنائے گا جو امن و استحکام کے لیے چیلنج بن سکتے ہیں۔ انہوں نے سول و عسکری اداروں کے باہمی اشتراک کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز قومی سلامتی اور صوبائی ہم آہنگی کے فروغ میں ایک اہم کردار ادا کرے گا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ پفٹیک کے تحت صوبے بھر کی سکیورٹی صورتحال کی جامع ڈیجیٹل تصویر برقرار رکھی جائے گی، جس سے صوبائی و ضلعی سطح پر خطرات کی منظم تشخیص ممکن ہوگی اور فوری اقدامات کیے جا سکیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ یہ مرکز بلوچستان میں امن، ترقی اور عوامی تحفظ کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا اور سول و عسکری اداروں کے درمیان اعتماد اور تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔













Leave a Reply