پارلیمانی کمیٹی اجلاس: ترقیاتی منصوبوں پر فوری عملدرآمد کی ہدایت

کوئٹہ، 28 جولائی کو وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) پر عملدرآمد کے حوالے سے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ، اے این پی اور جماعت اسلامی کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی زاہد سلیم نے اجلاس کو موجودہ منصوبہ بندی اور ترقیاتی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ منظور شدہ اسکیموں پر فوری اور مؤثر عملدرآمد ناگزیر ہے، اور ہدایت کی کہ 65 کروڑ روپے تک مکمل فنڈنگ والی اسکیمیں فروری 2026 تک ہر صورت مکمل کی جائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی مشاورت اور منصوبہ بندی مارچ 2026 سے قبل مکمل کر لی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت دی کہ پی سی ون (PC-1) صرف مکمل تخمینہ لاگت پر مبنی ہو، اور مرحلہ وار تخمینے ناقابل قبول ہوں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ دستیاب وسائل کے مطابق منصوبہ بندی سے بروقت عملدرآمد ممکن ہو سکے گا، جبکہ شفافیت، رفتار اور معیار کو ترجیح دی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منتخب عوامی نمائندوں کی مشاورت سے عملدرآمد میں مزید شفافیت آئے گی، اور ان کی تجاویز ترقیاتی ترجیحات کا حصہ بنیں گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہر اسکیم کی بروقت تکمیل عوامی اعتماد کی بحالی کی ضمانت ہے، اور تمام اہم اسکیموں پر تیز رفتار نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی مرحلے پر بدانتظامی یا بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب میں زور دیا کہ بلوچستان کی ترقی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور پائیدار ترقی کے لیے سیاسی اتفاق رائے اور انتظامی سنجیدگی ناگزیر ہے۔

 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *