پارلیمانی نگرانی سے ترقیاتی منصوبوں کی شفاف تکمیل ممکن، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ، 05 دسمبر 2025 — وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت جمعہ کو پی ایس ڈی پی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومت اور اتحادی جماعتوں کے نامزد پارلیمانی اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ مالی سال کے پروگرام پر مشاورت کی گئی۔

وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور مالی وسائل کے شفاف استعمال کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر منصوبہ عوامی مفاد اور صوبے کی اقتصادی ترقی کے لیے عملی اقدامات کا حصہ ہونا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ نے اراکین پر زور دیا کہ وہ جاری منصوبوں کی پیش رفت پر مسلسل نظر رکھیں اور کسی بھی تاخیر یا رکاوٹ کو فوری طور پر دور کرنے کے اقدامات کریں۔

اجلاس میں منصوبوں کے معیار اور رفتار کو بہتر بنانے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا اور آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے لیے تجاویز پر مشاورت کی گئی۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ تمام منصوبے وقت پر مکمل ہوں اور عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی نگرانی اور مؤثر رابطہ کاری سے منصوبوں کا شفاف اور نتیجہ خیز نفاذ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

اجلاس میں مختلف شعبوں کے ترقیاتی پروگرامز کے اہداف اور ترجیحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کے ذریعے بلوچستان میں ترقی، روزگار کے مواقع اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *