کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات اور بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے چیئرمین عبداللہ خان نورزئی کے حکم کے تحت صوبے میں ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر اور تیز کر دی گئی ہیں۔ اسی سلسلے میں بی آر اے نے سیلز ٹیکس کی مسلسل عدم ادائیگی پر تکاتو ریسٹورنٹ اور خیبر شنواری ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا۔
ترجمان بی آر اے کے مطابق دونوں کاروباری مراکز کو متعدد نوٹسز کے ذریعے قانونی تقاضوں کے مطابق سیلز ٹیکس جمع کرانے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں، تاہم دی گئی مہلت کے باوجود واجبات ادا نہیں کیے گئے۔ اس سنگین خلاف ورزی پر بی آر اے نے متعلقہ قوانین کے تحت سخت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ریسٹورنٹس کو بند کر دیا۔
ترجمان نے بتایا کہ کارروائی وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی کے اصلاحاتی وژن اور چیئرمین عبداللہ خان نورزئی کی براہِ راست نگرانی میں اسسٹنٹ کمشنر، بی آر اے ٹیم اور پولیس کی موجودگی میں مکمل کی گئی۔ اس دوران تمام سروس فراہم کرنے والے اداروں کو واضح پیغام دیا گیا کہ سیلز ٹیکس کی بروقت ادائیگی ان کی قانونی ذمہ داری ہے، اور آئندہ کسی بھی غفلت پر اسی نوعیت کے اقدامات بلا تاخیر کیے جائیں گے۔
بی آر اے کے مطابق جاری مہم کا مقصد صوبے میں ٹیکس نظم و ضبط کو بہتر بنانا، شفافیت کو فروغ دینا اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے، تاکہ تمام کاروباری ادارے اپنی مالی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے صوبائی محصولات کے استحکام میں مؤثر کردار ادا کریں۔













Leave a Reply