کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں حالیہ شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبے میں امن کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور عوام و میڈیا کو حقائق سے آگاہ رکھنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گرد عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور انہیں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہداء کے خاندانوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ زخمی افراد کے علاج معالجے کے حوالے سے ہدایت کی گئی کہ بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ شدید زخمیوں کو فوری طور پر فضائی سروس کے ذریعے کراچی منتقل کیا جائے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ 12 ربیع الاول کے پروگرامز کے دوران سیکیورٹی کو فول پروف بنایا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ اس موقع پر عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ امن و امان کے قیام کے لیے ریاستی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ صوبے میں امن و ترقی کے سفر کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔













Leave a Reply