وزیر اعلیٰ بلوچستان کا صحافیوں کے تحفظ اور آزادیِ صحافت کے عزم کا اظہار

کوئٹہ، 2 نومبر 2025 — وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزاد، ذمہ دار اور محفوظ صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی حقائق سامنے لانے، عوامی آگاہی بڑھانے اور سماجی رہنمائی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان حکومت اس بات پر پُرعزم ہے کہ صحافی برادری کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں آزادانہ اور محفوظ ماحول میں ادا کرنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کی سلامتی، فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ کسی بھی مہذب معاشرے میں صحافیوں پر تشدد، دباؤ یا دھمکی کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، اور آزادیِ صحافت کے احترام کو برقرار رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بلوچستان کے صحافی پیشہ ورانہ دیانت، غیر جانبداری اور عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت صوبے میں صحافت کے فروغ اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون اور عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *