وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا میٹرک ڈسٹرکٹ ٹاپرز 2025 کے لیے شہید بینظیر بھٹو فُلی فنڈڈ اسکالرشپ پروگرام کا اعلان

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے تعلیم دوست وژن کے تحت بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ نے ایک اور بڑا قدم اٹھایا ہے۔ اس پروگرام کے تحت تعلیمی سال 2024 میں شہید بینظیر بھٹو میٹرک ڈسٹرکٹ ٹاپرز فُلی فنڈڈ اسکالرشپ پالیسی کے مطابق 314 ہونہار طلبا و طالبات میں مجموعی طور پر 53.21 ملین روپے کی خطیر رقم بطور اسکالرشپ تقسیم کی گئی۔ یہ اقدام نہ صرف صوبے میں تعلیمی ترقی کی ایک انقلابی پیش رفت ہے بلکہ ضلعی سطح پر ذہین اور مستحق طلبا کے لیے امید کی ایک نئی کرن بھی ہے۔

بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ نے اب تعلیمی سال 2025 کے لیے بھی “شہید بینظیر بھٹو میٹرک ڈسٹرکٹ ٹاپرز فُلی فنڈڈ اسکالرشپ پروگرام” کے آغاز کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ یہ اسکالرشپ ان تمام طلبا و طالبات کے لیے ہے جنہوں نے میٹرک کے امتحانات 2025 میں نمایاں نمبروں کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے۔ اسکالرشپ کے تحت طلبا کو مکمل ٹیوشن فیس کے ساتھ 162000 روپے سالانہ مالی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی تعلیمی جدوجہد کو بلا رکاوٹ جاری رکھ سکیں۔

اہل طلبا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی میرٹ لسٹ میں نام چیک کریں اور بیف اسکالرشپ فارم ڈاؤن لوڈ کر کے موجودہ تعلیمی ادارے سے تصدیق کروا کر 15 اکتوبر 2025 تک بیف آفس میں جمع کرائیں۔ مزید یہ کہ اگر کسی طالب علم کے زیادہ نمبر ہونے کے باوجود اس کا نام فہرست میں شامل نہیں ہے تو وہ اپنا اعتراض 20 اکتوبر 2025 تک درج کروا سکتا ہے۔

اس پروگرام کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کو نہ صرف مالی بوجھ سے نجات ملے گی بلکہ اعلیٰ تعلیم کے دروازے بھی ان کے لیے وسیع ہوں گے۔ یہ اقدام حکومت بلوچستان کی تعلیم دوستی اور نوجوانوں کے مستقبل کو روشن بنانے کی سنجیدہ کوششوں کا عملی ثبوت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *