وزیراعلیٰ بلوچستان کا مصور خان کیس پر ردعمل: قاتلوں کو انجام تک پہنچانا وعدہ تھا جو پورا ہوا

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں مصور خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مصور خان کو بچا تو نہ سکے، لیکن ان کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ایک وعدہ تھا جو آج پورا ہو چکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قاتل کی شناخت اور گرفتاری ایک بڑی کامیابی ہے جو تمام اداروں کی مشترکہ اور پیشہ ورانہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کوئٹہ پولیس، انٹیلی جنس بیورو اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مثالی آپریشن تھا جس نے ثابت کیا کہ اگر ریاستی ادارے ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں تو کوئی مجرم قانون کی گرفت سے باہر نہیں رہ سکتا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کیا جائے گا اور انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک شخص کا مقدمہ نہیں بلکہ پورے معاشرے کے اعتماد اور امن کا سوال ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

میر سرفراز بگٹی نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت انصاف کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کرے گی اور ہر مجرم کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید مصور خان کے اہل خانہ کے ساتھ حکومت مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور وہ تنہا نہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *