کوئٹہ، 7 ستمبر 2025: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے آبائی علاقے بیکڑ کا دورہ کیا جہاں مختلف ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حوالے سے اہم ملاقاتیں اور بریفنگز ہوئیں۔ اس موقع پر انہیں سرک ڈیم پہلاواغ سمیت جاری ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی آگاہی دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے علاقے کے معززین، عوامی وفود اور بزرگوں سے ملاقات کی اور مقامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جبکہ صحت اور تعلیمی سہولیات میں مزید بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور ان علاقوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سرک ڈیم کی تکمیل کے بعد علاقے میں زرعی خوشحالی آئے گی اور پانی کے مسائل بھی بڑی حد تک حل ہو جائیں گے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل عوامی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے استعمال کیے جائیں گے تاکہ صوبے کے لوگوں کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے۔
یہ دورہ نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کا باعث بنا بلکہ مقامی عوام کے ساتھ براہِ راست بات چیت کا بھی موقع فراہم ہوا، جس سے حکومت اور عوام کے درمیان رابطوں کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
Leave a Reply