وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یو این آئی ایف اے ڈی کی کنٹری ڈائریکٹر مس فرنانڈا تھوماز سے ملاقات کے دوران صوبے میں زرعی ترقی اور غذائی تحفظ کے منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی۔ ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں جدید زرعی اقدامات کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ کسانوں کی پیداوار میں اضافہ اور غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیہی علاقوں میں غربت کے خاتمے اور پائیدار ترقی کے لیے عالمی اداروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین اور نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر دیہی معیشت کو زیادہ مضبوط اور مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت زرعی انفراسٹرکچر کی بہتری، آبپاشی کے نظام کی ترقی اور مارکیٹ تک رسائی جیسے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ صوبے کے کسانوں اور دیہی برادریوں کو براہ راست فائدہ پہنچے۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ بلوچستان میں جاری زرعی اور دیہی ترقی کے منصوبوں کو مزید تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے گا تاکہ صوبے کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔
Leave a Reply