وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیئرمین واپڈا کی ملاقات، توانائی کے منصوبوں پر تبادلہ خیال

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد سعید نے ملاقات کی جس میں صوبے میں توانائی کے مسائل اور برقی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران گوادر سمیت بارڈر ایریاز میں قومی گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی فراہمی کے امور پر بات ہوئی جبکہ زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے بلوچستان میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی کمی کو دور کرنے اور عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے نئے اور قابل عمل منصوبوں پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے کے دور افتادہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری و انفراسٹرکچر کی بہتری صوبے کی ترقی کے سفر میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *