نیشنل یوتھ سمٹ بلوچستان 2025 میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا نوجوانوں سے کھرا مکالمہ

کوئٹہ، 15 اکتوبر — بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ میں منعقدہ نیشنل یوتھ سمٹ بلوچستان 2025 کی تقریب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے روایت سے ہٹ کر خطاب کو مختصر رکھا اور نوجوانوں کو براہِ راست گفتگو کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوجوانوں کے ہر سوال کا کھلے دل سے جواب دینے کے لیے موجود ہیں۔

تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ نے تقریباً تین گھنٹے تک طلباء و طالبات کے سوالات کے جوابات دیے۔ انہوں نے ہر سوال کو نہایت تحمل اور سنجیدگی سے سنا اور ٹھوس دلائل کے ساتھ اپنے مؤقف کی وضاحت کی۔ نوجوانوں کی جانب سے مختلف نوعیت کے سوالات کیے گئے، جن میں کچھ نہایت تند و تیز اور چیلنجنگ بھی تھے، تاہم میر سرفراز بگٹی نے پورے اعتماد اور بردباری کے ساتھ ان کے جوابات دیے۔

طلباء نے وزیر اعلیٰ کے مکالماتی انداز، خلوص اور صبر و تحمل کو بے حد سراہا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ اس طرح کی کھلی گفتگو نوجوانوں اور قیادت کے درمیان اعتماد اور سمجھ بوجھ کو فروغ دیتی ہے۔ نیشنل یوتھ سمٹ میں یہ مکالمہ نوجوانوں کے لیے ایک یادگار موقع ثابت ہوا، جس میں انہیں اپنے سوالات براہِ راست صوبے کے سربراہ کے سامنے رکھنے کا موقع ملا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *