منشیات سے پاک بلوچستان کے وژن کی جانب عملی قدم

حکومتِ بلوچستان کے منشیات سے پاک صوبے کے وژن پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے ضلع دُکی میں پوست کی غیر قانونی کاشت کے خلاف مؤثر اور بھرپور کارروائی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر دُکی محمد نعیم خان کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر لونی فتح خان بنگلزئی اور رسالدار میجر لیویز فورس حاجی علی محمد شادوزئی کی نگرانی میں تحصیل لونی کے علاقے کلی بگٹ میں یہ کارروائی عمل میں آئی، جس میں ایف سی اور لیویز فورس نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔

کارروائی کے دوران غیر قانونی کاشت کو پانی فراہم کرنے والے تین بورز ناکارہ بنا دیے گئے جبکہ موقع پر نصب سولر سسٹمز کو بھی توڑ کر تلف کر دیا گیا، تاکہ مستقبل میں اس غیر قانونی عمل کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔ انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا کہ پوست کی کاشت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر دُکی نے اس موقع پر کہا کہ ایسے افراد کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کیے جائیں گے جبکہ غیر قانونی کاشت میں استعمال ہونے والی زمین کو سرکاری تحویل میں لے کر ضبط کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *