کوئٹہ سے جاری ہونے والے پیغام میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کو ذمہ داری سنبھالنے پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی تقرری کو ملک بھر میں خوش آئند اور استحکام کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق پاکستان نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی متوازن اور پیشہ ورانہ قیادت میں ایک مضبوط، پُرامن اور فلاحی ریاست کے طور پر نمایاں ترقی کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاک افواج نے ان کی سربراہی میں ملکی دفاع کے ہر مرحلے پر ثابت قدمی دکھائی اور دشمن کی جانب سے کسی بھی جارحانہ اقدام کو ناکام بنا کر قوم کا اعتماد مزید مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو افسر اور جوان سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں، وہ اپنی قیادت پر مکمل بھروسہ رکھتے ہیں اور یہی اعتماد دفاعِ وطن کو مزید مضبوط کرتا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے وژن کو ملکی سلامتی، دفاعی حکمتِ عملی اور امن کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نے نہ صرف عوامی توقعات کو تقویت دی ہے بلکہ قومی اداروں کے درمیان اعتماد کی فضا کو بھی بہتر بنایا ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے عوام فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اصولی قیادت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملکی وحدت، یکجہتی اور دفاع کے سفر میں بلوچستان ہمیشہ پاک افواج کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی شانہ بشانہ رہے گا۔ وزیر اعلیٰ کو یقین ہے کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی دور اندیش قیادت پاکستان کے مستقبل کو مزید محفوظ، مضبوط اور روشن بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔













Leave a Reply