عالمی یومِ یونیورسل ہیلتھ کوریج کے موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے پیغام میں کہا کہ معیاری صحت کی مساوی فراہمی ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور صوبائی حکومت اس مقصد کے حصول کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان میں صحت کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اسے تیزی سے مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر علاج اور طبی سہولیات تک آسان رسائی ممکن ہو سکے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ صوبے کے دور افتادہ، پہاڑی اور پسماندہ علاقوں میں بھی صحت کی سہولیات پہنچانے کیلئے ہنگامی اقدامات جاری ہیں، جبکہ ماں اور بچے کی صحت کے سلسلے میں جاری پروگراموں کو بھی مزید مؤثر اور جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری ایک محفوظ اور خوشحال معاشرے کی بنیاد رکھتی ہے، اسی لئے حکومت علاج تک برابری کی بنیاد پر رسائی یقینی بنانے کیلئے جامع پالیسیوں پر تیزی سے پیش رفت کر رہی ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں بلوچستان کے کئی ایسے علاقے بھی طبی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں جنہیں قیامِ پاکستان کے بعد پہلی بار صحت کی خدمات میسر آئی ہیں۔ غریب اور مستحق شہریوں کیلئے موزی بیماریوں کے مفت علاج کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے سرکاری اسپتالوں میں اصلاحات جاری ہیں تاکہ اداروں کو مکمل طور پر فعال اور عوام دوست بنایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مستحکم صحت کا ڈھانچہ عوام کیلئے مضبوط دفاع ثابت ہوتا ہے، اور خوش آئند بات یہ ہے کہ حکومت کے حالیہ اصلاحاتی اقدامات کے اثرات اب واضح طور پر سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں جس سے بلوچستان کے عوام کو حقیقی فائدہ پہنچ رہا ہے۔













Leave a Reply