سیاسی قیادت کی اہم ملاقات، قومی استحکام اور معاشی بہتری پر اتفاق

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، گورنر پنجاب سلیم حیدر، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھوڑ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں سمیت صوبائی وزراء اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
ملاقات کے دوران ملکی معیشت، سیاسی و سماجی حالات، پاکستان پیپلز پارٹی کے تنظیمی امور اور باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے اور اس کے مثبت اثرات آئندہ دنوں میں غربت میں کمی کی صورت میں سامنے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں اور موجودہ حکومتی پالیسیوں سے عوام کا ریاستی نظام پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھوڑ نے اس موقع پر کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت اور صوبوں کا تعاون انتہائی ضروری ہے اور ملکی استحکام و معاشی بہتری کے ثمرات آزاد کشمیر تک پہنچ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط رابطہ کاری کو قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مختلف قانون سازیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے ذریعے جمہوری عمل کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سندھ اور بلوچستان کی سرحدی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی بہتری کے لیے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں، جبکہ دونوں صوبوں کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان بہتر تعاون سے جرائم پر مؤثر قابو پایا جا رہا ہے۔
ملاقات میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں پاکستان پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی اور سیاسی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ ملکی ترقی کے لیے سیاسی استحکام کے ساتھ معاشی اور سماجی ترقی کو ناگزیر قرار دیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *