خضدار کے قبائلی عمائدین کی اہم سیاسی شخصیات سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے آغا شکیل احمد درانی کی قیادت میں خضدار اور ملحقہ علاقوں کے قبائلی عمائدین نے ملاقات کی، جس میں متعدد سیاسی رہنماؤں اور اہم مقامی شخصیات نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ملاقات میں پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سردار عمر گورگیج، صوبائی وزیر میر صادق عمرانی، سینئر رہنماء حاجی علی مدد جتک اور صوبائی جنرل سیکریٹری ربانی کاکڑ بھی موجود تھے۔

اس موقع پر مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے آغا شکیل احمد درانی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی پالیسیوں اور قیادت پر بھرپور اعتماد ظاہر کیا۔ شامل ہونے والوں میں جمیعت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی کونسل ممبر رئیس محمد اکبر گنگو، رئیس محمد افضل، سابقہ کونسلر اسماعیل مینگل، بلوچ خان، محمد حسنی، عبدالغنی سمالانی اور مولا بخش زہری شامل ہیں۔ اس کے ساتھ نیشنل پارٹی خضدار کے محمد سلیمان زہری، سابق کونسلر غلام رسول، عبدالستار اور غلام مصطفیٰ نے بھی اپنے عہدوں سے مستعفی ہو کر پیپلز پارٹی کا حصہ بننے کا اعلان کیا۔

ملاقات میں میئر میونسپل کارپوریشن خضدار محمد آصف جمالدینی، ڈپٹی میئر جمیل قادر زہری، ممبر کارپوریشن میر احمد خان گنگو اور دیگر معززین بھی شریک تھے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تمام شامل ہونے والے افراد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بااثر اور متحرک شخصیات کی آمد پارٹی کی مضبوطی اور صوبے کی سیاسی فضا میں مثبت تبدیلی کا اشارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی خدمت، جمہوری اصولوں اور بلوچستان کی ترقی کے لیے نمایاں کردار ادا کرتی رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خضدار سمیت صوبے کے ہر ضلع میں پارٹی کا مضبوط ہونا سیاسی استحکام کا ذریعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی شمولیت سے پیپلز پارٹی مزید منظم اور فعال ہوگی، جبکہ ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت روزگار، عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی اقدامات کے لیے عملی حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے اور مقصد صرف عوام کی فلاح و بہبود ہے۔

یہ ملاقات نہ صرف سیاسی سطح پر اہمیت رکھتی ہے بلکہ اس سے مستقبل میں بلوچستان کی سیاسی سمت اور عوامی نمائندگی میں مثبت اثرات متوقع ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *