وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع خاران میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام امن دشمن عناصر کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے اس کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی اداروں، فورسز، بلوچستان پولیس اور سی ٹی ڈی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیر اعلیٰ کے مطابق خاران میں تین انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی گرفتاری قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مؤثر حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے، جو صوبے میں ریاستی رِٹ کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیاں نہ صرف سیکیورٹی اداروں کی کامیابی ہیں بلکہ صوبے میں امن و استحکام کی جانب ایک مضبوط قدم بھی ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے بتایا کہ رواں سال کے دوران بلوچستان میں بڑی تعداد میں دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا، جو فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل محنت اور قربانیوں کا ثبوت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت سیکیورٹی اداروں، پولیس اور سی ٹی ڈی کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے تحت دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، شہریوں کے تحفظ اور ترقی کے سفر کو یقینی بنانے کے لیے بلا امتیاز اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے عوام امن کے قیام کی جدوجہد میں اپنے محافظوں کے ساتھ پوری یکجہتی سے کھڑے ہیں، اور یہی اتحاد صوبے میں مستقل امن کی بنیاد بنے گا۔













Leave a Reply