جھالاوان میڈیکل کالج اور اسپتال منصوبے کی بحالی کا فیصلہ

بلوچستان حکومت نے جھالاوان میڈیکل کالج اور اسپتال کے طویل عرصے سے زیر التواء منصوبے کو فوری طور پر فعال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں اس حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے جن میں پروجیکٹ ڈائریکٹر کی برطرفی اور منصوبے کی ذمہ داری محکمہ مواصلات کو سونپنا شامل ہے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، لیڈر آف اپوزیشن میر یونس عزیز زہری، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ وزیر اعلیٰ نے منصوبے میں غیر ضروری تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام کی صحت اور طلبہ کے مستقبل سے جڑا ہوا اہم منصوبہ قرار دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ازسر نو پی سی ون تیار کرکے منصوبے پر کام کی رفتار بڑھائی جائے تاکہ جلد از جلد تکمیل ممکن ہو سکے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک اس کالج سے دو بیچ فارغ التحصیل ہوچکے ہیں جبکہ 400 سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے طلبہ کو معیاری تعلیمی ماحول اور علاقے میں بہتر طبی سہولیات دستیاب ہوں گی، اس لیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اسے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *